کاروار:9؍ ڈسمبر(ایس اؤ نیوز) کل جمعہ 10دسمبر کو ہونےوالے اترکنڑا ضلع مقامی عوامی اداروں کے ودھان پریشد انتخابات کےلئے تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں۔ کل یعنی 10دسمبر بروز جمعہ صبح 8بجے سے شام 4بجے تک ووٹنگ ہوگی۔ اس بات کی جانکاری اترکنڑا ضلع ڈپٹی کمشنر اور الیکشن کمشنر ملئی مہیلن نے دی۔
ضلع میں کل 227گرام پنچایت اور 11مقامی بلدیاتی ادارے ہیں۔ 1380مرد اور 1534خواتین سمیت کل 2914رائے دہندگان اپنی حق ِ رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ جس کےلئے کل 238پولنگ بوتھ بنائے گئےہیں جن میں سے 28کو حساس ماناگیا ہے ۔سبھی 238پولنگ بوتھ پر کسی ناگہانی واقعہ کو موقع نہ دینے کےلئے پیشگی اقدامات کئے گئے ہیں۔ 238پولنگ بوتھ پر وڈیو گرافر کو نامزد کرتےہوئے وڈیو گرافی کی جائےگی۔ ناخواندہ 9لوگ ہیں ، انہوں نے اپنے لئے معاون کی اپیل کی ہے۔ ان کے مطالبہ کے مطابق 9معاونین کو نامزد کئے جانے کے سوا کسی اور موقع نہ دینے کی متعلقہ پولنگ بوتھ پی آر اؤکو ہدایات دی گئی ہیں۔
ڈی سی نے بتایا کہ رائےدہندگان کو ووٹ دینے کےلئے الیکشن آفیسر بیلٹ پیپر کے ساتھ جامنی رنگ کی اسکیچ پن دی جائے گی اور اسی سے اپنا ووٹ دینےکو کہاجائے گا۔ اگر کسی دوسرے رنگ کی قلم سے، پنسل سے یا نشان دہی کے ذریعے ووٹ دیاگیاتو متعلقہ ووٹ کو رد کیاجائےگا۔ 263پی آر اؤ، 263پی اؤ، 36سیکٹر آفیسرس اور 261مائکرو آبزرور کو انتخابی فرائض کی انجام دہی کے لئے استعمال کیاجارہاہے۔ صاف شفاف اور منصفانہ انتخابات کےلئے سبھی اقدامات کئےجانےکی ڈی سی نے جانکاری دی ۔
پولس بندوبست: ضلع کے تمام تعلقہ جات میں پولس بندوبست کیاگیا ہے، ہر ایک پولنگ بوتھ پر ایک پولس اہلکار اور ایک مین پولس اہلکار کو نامزد کیاگیا ہے۔ بھٹکل تعلقہ کےلئے خصوصی طورپر ایک کے ایس آر پی دستہ کا تعینات کیاگیا ہے اور بقیہ تعلقہ جات کے لئے ایک اسٹرائکنگ فورس کو نامزد کیاہے۔
ضلع بھر میں 4ڈی ایس پی صاحبان اپنے اپنے ماتحت علاقوں کی نگرانی کریں گے اور تعلقہ کے مطابق 16سی پی آئی /پی آئی، پولس سب انسپکٹر ، 14اے ایس آئی ، 312پولس اہلکار، 12ڈی اے آر دستے نامزد کرتےہوئے کڑے حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔ کووڈ -19کے چلتے منظم انتظامات کے لئے ضلع میڈیکل آفیسر کو ضلع نوڈل افسراور تعلقہ میڈیکل افسر کو تعلقہ نوڈل آفیسر بنائے جانے کی ڈی سی نے جانکاری دی ۔